نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گوادر پاکستان کی معاشی ترقی اور سی پیک کا کلیدی حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے چیئرمین ایسٹ چائنہ گروپ فانگ یولانگ کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی جس کے دوران وزیرِ اعظم نے وفد کو حکومت کی کاروبار دوست پالیسوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کو اقتصادی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔
وفد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایسٹ چائنہ گروپ گوادر فری زون میں ریفائنری میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ایسٹ چائنہ گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پاکستان کی معاشی ترقی اور سی پیک کا کلیدی حصہ ہے، پاکستان اور چین دیرینہ دوست ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی جہاں انہوں نے شریک عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر نگران وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی و علاقائی امور پر گفتگو کی۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس سے ملاقات میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سیکرٹری جنرل کا گزشتہ سال دورہ پاکستان اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔
نگران وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور دنیا بھر میں اس اہم چیلنج کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے اقدامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















