Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے، مصطفٰی کمال

ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے۔

مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام عالم اس بات پر متفق ہے کہ آج فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم امت مسلمہ کے منتشر ہونے کی وجہ سے ہے، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے، ہمیں اللہ تعالیٰ نے یہ اسباب نہیں دئیے کہ ہم تمام عالم کی امت مسلمہ کو متحد کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اسرائیلی جارحیت پر کراچی میں بسنے والی امت مسلمہ اور تمام انسانوں کو یکجا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، رابطہ کمیٹی و ذمہ داران نے فلسطین یکجہتی ریلی میں شرکت کیلئے تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں سے رابطے کئے ہیں، اس سلسلے میں مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ فلسطین میں جاری انسانی المیہ پر تمام مذاہب و مسالک اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور عوام ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے، جمعہ کے روز کراچی کی عوام بلا رنگ و نسل و مذہب شاہراہ فیصل پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 2900 کے قریب پہنچ گئی ہے جن میں ایک ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 10859 تک پہنچ گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے 250 نہتے فلسطینیوں کو دھوکے سے قتل کرنے کے مناظر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے 11 لاکھ لوگوں کو  محفوظ راستہ فراہم کرنے کا جھوٹا اعلان کرکے نقل مکانی کرنے کا کہا اور پھر ان ہی پربمباری کردی۔

فلسطین میں بڑی تعداد میں شہادتوں کے بعد  میتیں رکھنے  کے لیے اسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی اور شہداء کی میتوں کو آئس کریم ٹرکوں اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھا جانے لگا ہے۔

مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے کے بعد قبرستانوں میں بھی جگہ کم پڑگئی ہے اور کئی میتوں کو ایک ساتھ دفنایا جارہا ہے۔

اسرائیل افواج کی جانب سے مسلسل رہائشی عمارتوں، اسپتالوں اور اسکولوں کو بمباری کا نشانہ  بنایا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ  کے ادارہ برائے انسانی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ   غزہ میں 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں