جماعت اسلامی نے جمعہ کو ملک بھر میں فلسطینیوں کے لیے امداد جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی شہ پر اسرائیل غزہ میں ہسپتالوں، اسکولوں پر بم برسا رہا ہے، گزشتہ 12دنوں میں سیکڑوں فلسطینی بچے، حاملہ خواتین شہید ہوگئی ہیں، ہزاروں افراد ملبے تک دب گئے، غزہ کھنڈر کا نقشہ پیش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس نشستن،گفتن اور برخاستن ثابت ہوئی، 58 اسلامی ممالک لفظی جمع خرچ کی بجائے فلسطینیوں کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم دنیا میں آگ اور خون کا کھیل برپا کردیں گے، گریٹر صیہونی ریاست کا منصوبہ انسانوں کی غلامی کا ہے، گریٹر منصوبہ روکنا ہوگا، اسرائیل پاکستان کو سب سے بڑا دشمن سمجھتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جمعہ کو ملک بھر میں فلسطینیوں کے لیے امداد جمع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر مظلوموں کی مدد کریں۔
واضح رہے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں 1 ہزار سے زائد بچوں سمیت 3478 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی وزیر اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 678 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
منگل کی شب غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو نشانہ بنایا تھاجس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری شہید ہوئے تھے۔
فلسطینی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ غزہ اسپتال پر حملے میں شہادتوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اسپتال کے بعد مرکزی غزہ کے مہاجر کیمپ نصیرت میں ایک مسجد پر فضائی کارروائی کی جہاں پناہ لیے ہوئے کئی بے گھر فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















