Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف کے خلاف سارے کیس جعلی ہیں، اسحاق ڈار

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے خلاف سارے کیس جعلی ہیں، تمام ثبوت عوام کے سامنے آچکے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اسلام آباد میں تھوڑی دیر تک قیام کریں گے۔

بول نیوز نے سوال کیا کہ میاں نواز شریف اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتریں گے یا نور خان ایئر بیس پر؟ اسحاق ڈار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر جگہ کا نہیں بتا سکتا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف اسلام آباد شہر آئیں گے یا ایئرپورٹ سے لاہور جائیں گے؟ اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ میاں نواز شریف ایئرپورٹ سے لاہور جائیں گے۔

بول نیوز نے اسحاق ڈار سے مزید پوچھا کہ عدالتیں جو فیصلے دے رہی ہیں اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ عدالتیں تو آئین اور قانون کے مطابق فیصلے دے رہی ہیں، اس میں کوئی عجوبہ نہیں ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ  نواز شریف کے استقبال کے لیے صرف مسلم لیگ ن نہیں بلکہ پورا پاکستان تیار ہے، پورے پاکستان، کراچی، حیدر آباد، گلگت بلتستان، پشاور، کوئٹہ سے قافلے آرہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ کراچی سے کارکنان بذریعہ ٹرین پہنچ رہے ہیں، 21 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا دن ہو گا، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر کارکنان سے ملاقات ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا تھا کہ بول کی نئی انتظامیہ کو مبارکباد دیتی ہوں، امید کرتی ہوں بول ٹی وی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے استقبال کے لئے ملک بھر سے کارکنوں کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ نواز شریف دبئی میں دو روز قیام کے بعد اور 21 اکتوبر کو وطن واپس لوٹیں گے۔ سابق وزیراعظم ہفتے کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔

نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد آئیں گے، اسلام آباد میں قانونی امور پر مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہوں گے جہاں وہ مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

لاہور میں نواز شریف کے جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر 12 ہزار پولیس اہلکار اور 3 ہزار ٹریفک وارڈن ڈیوٹی دیں گے جبکہ قافلوں کے لیے بند روڈ اور رنگ روڈ کے قریب پارکنگ ہوگی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، شیڈول کے مطابق نوازشریف کا خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا جہاں سے وہ لاہور روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا پلان وہی ہے جو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ احتساب عدالت نے بھی توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں