چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی و سماجی روابط کو بڑھانے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور سمیت مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ، کاروباری طبقے کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی اشد ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے، عوامی، تجارتی و پارلیمانی سطح پر دوطرفہ تعاون کے فروغ سے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، کینیڈا کے سرمایہ کار وتاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں سے مستفید ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کینیڈین کمپنیز کی بلو چستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں،کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ کی چاغی میں سرمایہ کاری سے روزگار کے بے شمار مواقع میسر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائی جانے والی معدنیات ملکی معیشت کی بحالی میں اہم کردارادا کر سکتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان معدنی وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے جبکہ کینیڈین کمپنیوں کو چاغی میں مزید سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کینیڈا کی قیادت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسلی امتیاز سے پاک، انصاف اور مساوات پرمبنی رویے عالمی امن کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے لئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے بین الاقوامی برادری موثر اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے تمام ممالک کو نہ صرف موثر آواز اٹھانی چاہیے بلکہ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے غزہ پر بڑھتی ہوئی اسرائیلی دہشت گردی کو ختم کرانا چاہیے۔
محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے، انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک موثر حکمت عملی اختیار کریں۔
اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو جلد سے جلد حل کرانا چاہے تاکہ معصوم فلسطینیوں کی آزمائش کی گھڑی ختم ہو۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کیا جائے۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















