لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ملکی ترقی کا پروگرام دے دیا۔
4 سال بعد وطن واپسی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے گزشتہ روز مینار پاکستان پر خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان کی دوبارہ تعمیر نو کریں گے، متحد ہو کر نیا پلان بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا، قومی وقار کو بلند کرنا ہوگا، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرنا ہوگا، دنیا کے ساتھ تعلقات استوار کرنا ہوں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی آگے بڑھنا ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم انسانیت کے خلاف ہیں، دنیا سے اپیل کرتے ہیں انصاف سے کام لیا جائے۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک برباد ہوچکا، اب غلطی کی گنجائش نہیں، سیاسی جماعتوں اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارے کاموں کا تسلسل رہتا تو بے روزگاری نہ ہوتی اور آج پاکستان میں کوئی غریب نہیں ہوتا، 23سال ملک سے باہر یا مقدمے بھگتتا رہا اگر یہ 23 سال ملک کو دیے ہوتے تو پاکستان جنت بن چکا ہوتا، انشاءاللہ ہم پاکستان کو دوبارہ جنت بنائیں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میری بس ایک ہی تمنا ہے کہ میری قوم کے لوگ خوشحال ہوجائیں اور ان کے گھروں میں خوشیاں اور خوشحالی آئے، ان کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میرے دل کے اندر کبھی بھی انتقام کا کوئی جذبہ نہ لے کر آنا، میں اس قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، میں نے پہلے بھی خدمت کی ہے، اللہ مسلم لیگ ن کو اور بھی توفیق دے کہ خدمت کا سلسلہ جاری رکھے۔
شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف قوم کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے آگئے ہیں اب ملک کی تقدیر بدلے گی، انہوں نے قوم کے لیے جیلیں کاٹیں لیکن صبر کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 76 سالوں میں مینار پاکستان پر اتنا بڑا جلسہ نہیں ہوا، ملک بھر سے لاکھوں لوگ مینار پاکستان آئے۔
انہوں نے کہا تھا کہ 9 نئی تو دور نواز شریف کے دور میں ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، انشاء اللہ نواز شریف کے پاکستان واپس آنے سے ملک میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف معمار پاکستان ہیں، انہوں نے 5 ارب ڈالر کی امریکی پیشکش کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا لیکن کوئی دباؤ قبول نہیں کیا۔
مریم نواز
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی مینار پاکستان پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میاں محمد نواز شریف کو مٹانے والوں آج دیکھ لو، میرے قائد آج واپس آگئے ہیں، اللہ جسے ختم نہ کرنا چاہے تو وہ ختم نہیں ہوسکتا، نوازشریف زندہ مثال ہے۔
انکا کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اور کتنے چلے گئے، جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، وہ دیکھیں آج نواز شریف آن بان اور شان کے ساتھ اپنے لوگوں میں واپس آگئے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر قانونی دستاویزات پر دستخط کرنے کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لاہور پہنچے جبکہ اعظم نذیرتارڑ اور اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔
نواز شریف کی وطن واپسی پر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا اور انہیں جی آیاں نوں بھی کہا۔
بعدازاں دوبئی سے وطن واپسی پرمسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لیگل ٹیم سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ مقدمات میں مشاورت کے بعد مقدمات میں اپیلیں بحالی کی درخواستوں پر دستخط بھی کیے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















