Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواتین کی مالی خودمختاری اور استحکام پر توجہ دینا ہوگی،صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کی مالی خودمختاری اور استحکام پر توجہ دینا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چھاتی کے کینسر پر آگاہی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی گھر گھر تک پہنچانا ہوگی، وسائل کی کمی کے پیشِ نظر بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاندان پاکستانی معاشرے کا ستون ہے، اس ادارے کو مضبوط بنانا ہوگا، خاندان آگاہی پیدا کرنے، نفسیاتی مسائل سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان میں 24 ٪ افراد کسی نہ کسی قسم کے نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں، پاکستان کو ماں اور بچوں میں غذائی قلت، ذہنی و جسمانی نشوونما میں کمی کے مسئلے پر سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کو تعلیم اور ہنر کے زیور سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، خواتین کی مالی خودمختاری اور استحکام پر توجہ دینا ہوگی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ بڑھتی آبادی پر قابو  پانے، بہبودِ آبادی کیلئے مانع حمل مصنوعات تک رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے، خواتین کی مالی خودمختاری اور استحکام سے پاکستان کی معاشی ترقی پر مثبت اثر پڑے گا۔

علاوہ ازیں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے بھی چھاتی کے کینسر پر آگاہی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کیلئے خواتین اپنا معائنہ خود کرنے کا طریقہ سیکھیں، شرحِ اموات کم  کرنے کیلئے خواتین ہر ماہ 5 منٹ اپنا معائنہ خود کرنے کی عادت اپنائیں، میڈیا بریسٹ کینسر پر اپنے پروگرامز سے آگاہی پیدا کرتا رہے۔

ثمینہ علوی نے کہا کہ5 سالہ آگاہی مہم کے مثبت نتائج نکلے، اب خواتین میں  کینسر کی جلد تشخیص ہورہی ہے، پاکستان میں تیسرے اور چوتھے اسٹیج کے کینسر کیسز کی نسبت پہلے اور دوسرے  اسٹیج کے کینسر کیسز کی رپورٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

 خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال بریسٹ کینسر کی وجہ سے تقریباً 44 ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں، پاکستان میں بریسٹ کی جلد تشخیص، بروقت اور صحیح علاج پر توجہ دینا ہوگی۔

تقریب سے نگران وفاقی وزیرِ صحت ڈاکٹر ندیم جان اور عالمی ادارہ صحت کے پاکستان  میں سربراہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے بھی خطاب کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے بریسٹ کینسر آگاہی مہم کی سربراہی کرنے پر صدر مملکت اور خاتون اول کے کردار کو سراہا۔

تقریب میں بریسٹ کینسر سے بچنے والی خواتین، ماہرینِ نفسیات اور ڈاکٹروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں