ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک دشمن سازشی عناصر کے حوصلے بڑھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن عطاءاللہ تارڑ نے سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے نو مئی کو ایک مذموم سازش کے تحت قومی سلامتی کے ادارے پر حملے کروائے، شہداء کی یادگاروں کو مسمار کرنے والے قومی مجرم ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک دشمن سازشی عناصر کے حوصلے بڑھیں گے، کیا غیر ملکی ایجنٹ جو دشمنوں کی حمایت سے ملک کے اندر انتشار پھیلاتے ہیں، ان کا بھی ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہ کیا جائے۔
عطاءاللہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ نو مئی کے ملزمان کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل کیے جانے کی قرارداد جون میں منظور کر چکی، پارلیمنٹ کی اس قرارداد کی موجودگی میں، سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی گنجائش نہیں بنتی۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔ جس سے ملزمان کے قانونی حقوق کو تحفظ ملتا ہے، قانونی سسٹم میں بہت سی خامیاں موجود ہیں جن کی وجہ سے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔ پوری دنیا میں سپیشل کورٹس بنائے جانے کی مثالیں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















