Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ میں ملیریا کے ساتھ ڈینگی کے وار بھی تیزی سے جاری

سندھ میں ملیریا کے ساتھ ڈینگی کے وار بھی تیزی سے جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ سندھ میں گزشتہ ایک روز کے دوران ڈینگی کے 19 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 13 کیسز کراچی جبکہ 6 حیدرآباد سے سامنے آئے۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ کراچی شرقی میں 4، وسطی میں 3، کورنگی میں 1، جنوبی میں 3، ملیر میں 1 جبکہ کیماڑی میں ڈینگی کا 1 کیس رپورٹ ہوا۔

ادارے کے مطابق رواں ماہ سندھ بھر میں ڈینگی کیسز کی تعداد 412 ہو گئی؛ اکتوبر میں اب تک کراچی سے 240، حیدرآباد سے 155 کیسز رپورٹ ہوئے۔

رواں سال تاحال سندھ بھر میں 1803 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 1359 کا تعلق کراچی سے ہے، صوبے بھر میں ڈینگی کے باعث رواں سال کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں ملیریا کے 3 ہزار 332 مریضوں کا اضافہ ہوا؛ حیدرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 485، لاڑکانہ میں 817، میر پورخاص میں 507، سکھر 373، شہید بینظیر آباد 127، کراچی ڈویژن میں 13 کیسز رپورٹ ہوئے۔

رواں سال سندھ میں ملیریا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ  32 ہزار 797 ہو گئی؛ سب سے زیادہ 2 لاکھ 8 ہزار 58 کیسز حیدرآباد ڈویژن میں سامنے آئے جبکہ سب سے کم 2 ہزار 829 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے۔

رواں سال سندھ میں ملیریا کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

دوسری جانب نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے نیگلیریا سے بچاؤ کا طریقہ بتا دیا۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے نیگلیریا سے بچاؤ کا واحد حل پانی میں کلورین کا شامل ہونا ہے۔

نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے نیگلیریا سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ نیگلیریا خطرناک ہے جو پانی کے ذریعے پھیلتا ہے، اس سے بچاؤ کا واحد حل پانی میں کلورین کا شامل ہونا ہے۔

نگران وزیر صحت سندھ نے کہا کہ متعدد مفتیان و علماء کرام اس پر فتوے اور ہدایات دے چکے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے شہر میں سپلائی ہونے والے پانی میں کلورین کا دوبارہ جائزہ لیں جبکہ وضو اور نہاتے ہوئے پانی کو ناک میں ڈالنے میں احتیاط برتیں۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ نیگلیریا سے اس سال 9 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، نیگلیریا سے مزید اموات سے بچنے کےلیے احتیاطی تدابیر انتہائی ضروری ہیں۔

نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے مزید کہا کہ پانی میں مخصوص کلورینیشن سے نیگلیریا سے بچاؤ ممکن ہے، سوئمنگ پولز میں بھی کلورین کی مخصوص مقدار کا لازمی استعمال کیا جائے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں