Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہباز شریف کا فلسطین میں امدادی سامان بھجوانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے غزہ اور اسرائیلی حملوں سے متاثرہ فلسطینی علاقوں میں امدادی سامان بھجوانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی جبر واستبداد اور ظلم کے نتیجے میں دوہرا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسلامی دنیا کی قیادت عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی نسل کشی روکے، فلسطین کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں پانی اور خوراک بند ہے بے گناہ بچے خواتین اور شہری قاتلوں کے نرغے میں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بڑھتی بے حسی اور بے بسی دنیا کو سنگین نتائج کی طرف دھکیل رہی ہے، انسانیت کو بچانے میں ناکامی دنیا کے امن کی ناکامی ہو گی، ایک ایک لمحے کی تاخیر بے گناہوں کی شہادتوں کی صورت نکل رہی ہے، محصور فلسطینیوں کے لئے امدادی قافلوں کو اجازت نہ ملنا عالمی اتھارٹی اور قانون کو مذاق بنا رہا ہے، فلسطینی بچوں کے آنسوؤں نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مظلوموں کا لہو بہانے سے ناجائز ریاست کا وجود جائز نہیں ہو گا، جلد اس مسئلے کا حل نہ نکلا تو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4600 سے تجاوز کر گئی
غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 1800 سے زائد بچوں سمیت 4600 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں 1873 بچوں اور 1023 خواتین سمیت 4651 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

فلسطینی وزیر اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بمباری سے 400 فلسطینی شہید ہوئے۔

فلسطینی میڈیا نے اسرائیلی بربریت کو اب تک کی بدترین بمباری قرار دے دیا۔

اسرائیلی فورسز نے الشفاء اور القدس اسپتال کے قریبی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔ مغربی کنارے میں 2 نوجوان شہید ہوئے جبکہ ڈاکٹر سمیت 7 افراد  کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسرائیلی فورسز نے غزہ میں اسکول کو بھی نشانہ بنایا ، جہاں  بمباری میں بے گھر  ہونےوالے معصوم شہری مقیم تھے۔

القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے خان یونس کے علاقے میں حملہ کیا جس پر جوابی کارروائی میں اسرائیل کے ایک ٹینک اور دو فوجی بلڈوزرز تباہ کر دیے گئے۔

ایک فوجی ہلاک اور تین اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے جبکہ دیگر اسرائیلی فوجی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل اسرائیل فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل  غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو  نشانہ بنایا  تھاجس میں طبی عملہ، مریض اور  پناہ لیے ہوئے عام شہری شہید ہوئے تھے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں