سابق وفاقی وزیر و (ن) لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی معاشی اصلاحات کو پورے خطے نے نقل کیا۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دشمنوں سے بھی اس کے خلاف ہونے والی سازش کی گواہی مل چکی، امید کرتے ہیں عدلیہ نا انصافی کا ازالہ کرے گی، میرے خلاف عدالت نے جھوٹے اور فراڈ مقدمے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا، سازش کے ذریعے آنے والے لوگ انصاف کے ذرائع پر حاوی تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے تینوں ادوار تاریخ ساز تھے، ان کی معاشی اصلاحات کو پورے خطے نے نقل کیا، انہوں نے ہی تاریخ ساز پروگرام سی پیک شروع کیا اور انہوں نے ہی دہشت گردی لوڈشیڈنگ سے ملک کو نجات دلائی، پاکستان میں نجات کی معاشی پالیسی نواز شریف کے پاس موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 75 سالوں میں اپنا اپنا سبق سیکھا ہے، 75 سال سب نے ایک دوسرے سے عدم تحفظ میں گزارے ہیں، باہمی عدم تحفظ کی جگہ باہمی تعاون اور آئینی طریقہ کار اپنانا ہو گا۔
واضح رہے کہ 21 اکتوبر 2023 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے 4 سال بعد وطن واپسی پر مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دوبارہ تعمیر نو کریں گے، متحد ہو کر نیا پلان بنانا ہوگا، ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا، قومی وقار کو بلند کرنا ہوگا، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرنا ہوگا، دنیا کے ساتھ تعلقات استوار کرنا ہوں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی آگے بڑھنا ہوگا، ملک برباد ہوچکا، اب غلطی کی گنجائش نہیں، سیاسی جماعتوں اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میرے دل کے اندر کبھی بھی انتقام کا کوئی جذبہ نہ لے کر آنا، میں اس قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، میں نے پہلے بھی خدمت کی ہے، اللہ مسلم لیگ ن کو اور بھی توفیق دے کہ خدمت کا سلسلہ جاری رکھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















