اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات کی شفافیت کیلئے غیر ملکی مبصرین کے لئے دعوت نامہ جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی شفافیت کیلئے ملکی و غیر ملکی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی ہے، غیر ملکی مبصرین کو الیکشن کمیشن میں ایکرڈیشن کروانا لازمی ہو گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مبصرین ویزے کے جلد حصول کیلیے وزارت خارجہ کے ”پاکستان آن لاٸن پورٹل“ پر کواٸف جمع کرا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں غیر ملکی مبصرین کو پاکستان پہنچنے کے بعد الیکشن کمیشن میں ایکریڈیشن کروانا ہوگی، ایکرڈیشن فارم الیکشن کمیشن کی ویب ساٸٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی وابستگی کے حامل افراد کو ایکریڈیشن جاری نہیں کیا جائے گا جبکہ غیر ملکی مبصرین کیلئے سیکیورٹی کلیرنس لازمی قرار دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ غیر ملکی مبصرین انتخابی بے قاعدگیوں کی رپورٹ جمع کراٸیں، تاہم غیر ملکی مبصرین رپورٹ میں انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز بھی دے سکتے ہیں۔
4 اکتوبر 2023 کو الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی نگرانی کے سلسلے میں غیر ملکی مبصرین کو مدعو کرنے کے لئے دفتر خارجہ کو خط ارسال کیا تھا۔
الیکشن کمیشن پاکستان نے اپنا ارادہ تبدیل کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو ایک خط ارسال کردیا تھا جس میں عالمی مبصرین کو مدعو کرنے کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرنے کے لے کہا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میڈیا ونگ ہارون شنواری کی جانب سے سیکریٹری خارجہ کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن پاکستان الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 238 کے تحت وزارت خارجہ کے ذریعے عالمی مبصرین/میڈیا کو دعوت نامے بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
خط میں الیکشن کمیشن نے مزید کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اوپن ڈور پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور آئندہ عام انتخابات کے لیے جلد از جلد آبزرویشن مشن کا خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے انتخابات سے متعلق عالمی مبصرین کے لئے مجوزہ دعوت کے حوالے سے واضح پالیسی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز کی تشکیل کے سلسلے میں وزارت خارجہ کی مانب سے تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
23 اکتوبر کو عالمی مبصرین کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق الیکشن کمیشن نے ایکشن کمیٹی قائم کی تھی اور کہا تھا کہ ایکشن کمیٹی ہر 15 روز بعد ملے گی اور انتظامات کا جائزہ لے گی۔
اس حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا تھاکہ تمام دنیا سے مبصرین کو پاکستان میں انتخابات کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت خوش آمدید کہا جائے گا، انتخابات میں شفافیت کے لئے جس حد تک ممکن ہوا مبصرین کو انتخابی عمل کے جائزے تک رسائی دی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ فوری طور پر عالمی مبصرین کو انتخابات میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھجوائے ہیں، الیکشن کمیشن پاکستان کے دنیا بھر میں فارن مشنز کے ذریعے یہ کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کرے، وزارت خارجہ عالمی مبصرین کو ویزوں کی فراہمی کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کرے، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عالمی مبصرین کی سیکیورٹی کے لیے دو ہفتوں کے اندر انتظامات مکمل کریں، ایف بی ار عالمی مبصرین کے تمام الات اور دیگر ضروری سامان کو کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دے۔
بعدازاں ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے 21 ستمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















