Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اس تاثر کو زائل کرنے کے لئے اسکی پرزور تردید کرتا ہے کہ الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنی پوزیشن بہت واضح کر چکا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر چکا ہے، حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کرنے کا کل آخری روز ہے، الیکشن کمیشن 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق ایکشن پلان کے مطابق تیاریاں مکمل ہیں، حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا، عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

گزشتہ روز  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات سے متعلق اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یقین نہیں ہے کہ ملک میں جنوری 2024 میں انتخابات ہوں گے، جنوری میں انتخابات پر مجھے اعتماد نہیں ہے لیکن جب سپریم جوڈیشری نے اس بات کو نظر میں لے لیا ہے تو مناسب فیصلہ آئے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان بڑی مشکلات کے ساتھ جمہوریت کے نظام پر قائم ہے، پنجاب اورکے پی میں انتخابات کیلئےخط کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، پنجاب اور کے پی میں انتخابات کیلئے الیکشن کمشنر کو بلایا لیکن وہ نہ آئے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملات پر مسائل آرہے تھے، پھر میں نے وزیر قانون کو بلایا تو انہوں نے لکھ بھیجا کہ آپ کا یہ حق نہیں ہے، پرنسپل سیکرٹری کو ہٹا کر لکھ دیا تھا کہ میں اپنے مؤقف پرقائم ہوں، میں نے کہا تھا کہ 6 نومبر یا اس سے پہلے الیکشن کرائے جائیں تو وزارت قانون نے مجھےکہا کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا میرا حق نہیں۔

عارف علوی نے مزید کہا تھا کہ ن لیگ ایک نئے بیانیے کی تلاش میں ہے جبکہ عوام نے ن لیگ کو بیانیہ تھما دیا ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے جبکہ ملک کے مستقبل کیلئے ضروری ہےکہ الیکشن صفاف اور شفاف ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے 21 ستمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں