آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے دہشتگردی کے خلاف کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکورٹی ورکشاپ 25 کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں ان کی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی جس میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ 25 کے شرکا کو علاقائی و اندرونی سلامتی اور قومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے ادارے دشمن قوتوں کی مسلسل کوششوں کے باوجود دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستانی عوام کے مسلسل تعاون سے انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ دانشوروں اور سول سوسائٹی کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری عوام، خصوصی طور پر نوجوان نسل پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈہ کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور اس کا مقابلہ کریں۔
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہر ایک پاکستانی کی حفاظت اور سلامتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک مضبوط قوم ہیں جس نے امن اور استحکام کے حصول کے لیے بہت سی آزمائشوں کو برداشت کیا، فوج دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مصروف عمل ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















