Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان آج کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں عوامی طاقت دکھائے گی جس کیلئے پنڈال سج گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کراچی میں آج تیسرا جلسہ کرنے کے لئے تیار ہے، ایم کیو ایم اپنا تیسرا جلسہ آج (بروز اتوار) لیاقت آباد میں کرے گی۔

ایم کیو ایم اپنا تیسرا عوامی جلسہ لیاقت آباد اسٹوڈنٹس گراؤنڈ بی ون ایریا میں کرنے جا رہی ہے، جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اسٹیج تیار ہے اور کرسیاں بھی لگادی گئی ہیں، جبکہ جلسے کے حوالے سے پمفلٹ بھی چھپوا دیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم عام انتخابات کے لئے کراچی کے 29 ٹاؤن میں جلسے کرے گی، تاہم ایم کیو ایم نے پہلا جلسہ ملیر جبکہ دوسرا جلسہ اورنگی ٹاؤن میں کیا تھا۔

گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس 35 سالوں میں لوگوں نے ایم کیو ایم کو اپنے مینڈیٹ سے نوازا ہے، پاکستان بنانے والوں کا نمائندہ علاقہ لیاقت آباد ہے، یہاں پر لیاقت آباد کی عوام کے دل کا حال جاننے  کیلئے میدان سجے گا، آگر آپ کی آنکھ میں تعصب کا تاج نہیں سجا تو آپ بنا ایم کیو ایم کے کراچی کا حال دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں لوگوں سے سوال کرتا ہوں آج کے کراچی اور 2008 کے کراچی میں کیا فرق ہے، یہ اقوام متحدہ سے اس شہر کے نام پر پیسہ لے رہے ہیں، نکالو عداد و شمار کونسا شہر کتنا ٹیکس دیتا ہے، ان ساری صورتحال کے پیچھے قومی اتفاقِ رائے نظر آتا ہے جبکہ قدرت پر فطرت پر مکافات عمل پر ہمارا ایمان ہے، اس وقت پاکستان کو پچانے کے لئے پہلے کراچی کو پچانا ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے نگران حکومت کو تسلیم کیا، جس شہر کو 15 سالوں سے لوٹا گیا ہے اس کے حساب کتاب کا بندوبست کریں، ہم یہ کہہ رہے ہیں نگران حکومت پر بھی کوئی نگران ہے، ںگران حکومت آنے والے ہفتے میں اپنی غیر جانبداری کا جواب دے، کل آنے والے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے 21 ستمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں