Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہبازشریف کی ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی عزت مآب صدر رجب طیب اردون اور ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہوئے بڑی خوشی محسوس کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم مختلف شعبوں میں ترکیہ کی بھرپور کامیابیوں اور ترقی کی خوشیاں منارہے ہیں، ہم نے دیکھا کہ ان 100 برس کے دوران ترکیہ کے ہمارے بھائی بہنیں کئی آزمائشوں اور امتحانوں سے گزرے، بڑے بڑے بحران انہیں آگے بڑھنے سے روک نہیں سکے اور اُن کے پختہ عزم نے مشکلات کو مواقع میں بدل دیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر شدید اضطرابی ماحول میں بالخصوص جمہوری وخوش حال ترکیہ خطے اور اسلامی دنیاکے استحکام کا اہم سبب ہے، مشترک تاریخ وعقیدے پر مبنی ہمارا بھائی چارہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ایک قوم ہیں جو دو ریاستوں میں آباد ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میں ان تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بانی کمال اتا ترک سے لے کر صدر رجب طیب اردوان تک ترکیہ کی ترقی کے لئے اپنا ”خون، پسینہ اور اشک“ بہائے ہیں، آنے والے 100 سال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے، دوستی اور شراکت داری کی عظیم مثال بنیں گے۔

واضح رہے کہ جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 100ویں سالگرہ آج پورے ترکی میں خصوصی تقریبات کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں