Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف یکم نومبر کے بعد آپریشن شروع ہوجائیگا، نگران وزیرداخلہ

اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف یکم نومبر کے بعد آپریشن شروع ہوجائے گا۔

نگران وفاقی وزیر سرفراز بگٹی نے افغان شہریوں کی وطن واپسی سے متعلق اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران 20 ہزار سے زائد غیر قانونی غیر ملکی رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑ گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بدھ تک غیر ملکی شہریوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جس کے بعد ریاست ان کو نکالنے کے لئے اپنا آپریشن شروع کر دے گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں اس آپریشن کا حصہ ہوں گی جبکہ ڈویژنل، ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کی ملک بدری کا عمل مرحلہ وار کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں جن لوگوں کے پاس سفری دستاویزات نہیں ہیں انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے ہیں اور ان سنٹرز میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو رکھا جائے گا، غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کو ان مراکز میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

عام انتخابات سے متعلق سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مدد کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات جو بھی ہوں گی ہم اس پر عمل کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان مہاجرین و دیگر غیر ملکیوں کو انخلاء کیلئے دی گئی مہلت ‏31 اکتوبر قریب آتی جا رہی ہے، اس میں صرف 1 دن باقی رہ گیا ہے، جس کے باعث افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں تیزی آگئی ہے، تاہم حکومت پاکستان کی جانب سے تمام غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پاکستان سے نکل جانے کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں ہوگی۔

سیکیورٹی فورسز کے ذریعے ملک میں بڑے پیمانے پر  میپنگ، جیو فینسنگ کے ذریعے مشکوک افراد کی نشان دہی کر لی گئی، 31 اکتوبر کے بعد پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔

یکم نومبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ڈی پورٹ کرنے کا حتمی فیصلہ ہے اور اس میں کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پاکستان واحد ملک نہیں جس نے غیر قانونی افغان شہریوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا، بہت سے ممالک جن میں بڑے ممالک بھی شامل ہیں، مفادات کے تحفظ اور ملکی ترقی کیلئے مختلف مواقعوں پر یہ فیصلے کرچکے ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں