Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملکی معاشی ترقی کیلئے کاروباری برادری کا کردار اہم ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے کاروباری برادری کا کردار اہم ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کاروباری برادی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین پل کا کردار ادا کرنے پر گورنر سندھ کے مشکور ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے کاروباری برادری کا کردار اہم ہے، ملک کو ان مشکل حالات سے نکالنے میں کاروباری برادری کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں بزنس رول ماڈل و لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ بات باعث فخر ہے کہ مجھے آج اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے مدعو کیا گیا، پہلی بار میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس آیا ہوں، یہاں آکر ڈسپلن دیکھ کر بہت خوشی ہے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہت احسن طریقے سے تمام امور انجام دے رہا ہے، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ہر اس مرد کو بھی ملنا چاہیے جس نے ایک بیگم کے ساتھ 50 سال گزارے ہوں جس پر ر تقریب قہقہوں سے گونج اٹھی، میرے ابھی 14 سال ہوئے ہیں اور میں ابھی سے لڑکھڑا رہا ہوں۔

گونر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایک عمر سے فریب سفر کھا رہے ہیں ہم، معلوم ہی نہیں کدھر جارہے ہیں ہم، کوئی مسیحا نہیں آنے والا، ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے خود کو بدلنا ہوگا، ہمیں ایک دوسرے کا مسیحا بننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کبھی روٹی کپڑا مکان کے پیچھے کبھی ایک کروڑ نوکریوں کے پیچھے لگایا جارہا ہے، ہم ایک دائرے میں گھومے جارہے ہیں، آج 24 کروڑ کا ملک دنیا میں کوئی مقام نہیں رکھتا،1 بلین ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کے سامنے ایڑیاں رگڑنی پڑیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، ہم ان وسائل کا استعمال نہیں کر رہے، حکومتوں نے لوگوں کو مواقع فراہم کرنے کی بجائے مشکلات فراہم کیں، ملک معاشی اور معاشرتی مسائل میں گھرا ہوا ہے، ہم فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں، قومیتوں میں بٹ گئے ہیں، کوئی پاکستانی نہیں بن رہا ہے، کوئی سندھی ہے، کوئی بلوچی ہے کوئی پنجابی ہے، پاکستانی کون ہے؟؟؟

کامران ٹیسوری نے کہا کہ صرف دعوے کیے جارہے ہیں عملدرآمد کچھ نہیں ہے، دعوے کیے جاتے ہیں اب ملک بدلے گا؟؟ کب ملک بدلے گا؟؟؟ لاہور میں ایک ایچ ای سن کالج ہے، ایسے کالجز کیوں نہیں بنائے گئے ؟؟ کوئی نظام نہیں دیا گیا، شعور نہیں دیا گیا، اب لوگوں کو شعور آگیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ہر سال 24 لاکھ طلباء مختلف جامعات سے فارغ ہو کر بے روزگار ہورہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں اچھا پاکستانی بننا ہوگا، مشکل وقت ہے اپنے آپ سے باہر نکل کر سوچنا ہوگا، صاحب ثروت لوگوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے، یہ واحد قوم ہے جو اپنے آپ کو دھوکا دے رہی ہے، جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا، جو بانٹے کا دنیا میں روشنی اپنی، وہ آفتاب یہیں سے نکلے گا، وطن کی مٹی ہمیں ایڑیاں رگڑنے دے،ہمیں یقین ہے یہ چشمہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے نکلے گا، حنیف خالد اور آج کی فیملی کو خراج تحسین اور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں