نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت امن وامان، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ دینے کے ساتھ خطے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اینٹی اسمگلنگ ونگ کو فعال کیا گیا ہے، انسداد سمگلنگ کے لئے صوبے بھر میں جوائنٹ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، ان کارروائیوں کے نتیجے میں خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کے مطابق بلوچستان سے غیر ملکی تارکین وطن کی واپسی کے لئے پاک افغان سرحدی علاقوں میں خصوصی معاونت کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں رضا کارانہ واپس جانے والوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کی جیو پولیٹیکل اہمیت کسی کی نظروں سے پوشیدہ نہیں ،قدرتی وسائل سے مالا مال سرزمین بلوچستان میں اب تک تقریباَ40 کے قریب انتہائی قیمتی زیرزمین معدنیات کے ذخائر دریافت ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت امن وامان، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ دینے کے ساتھ خطے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے۔ قدرتی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری سے معاشی مواقع اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا ہو سکتے ہیں، اس لئے حکومت نے منرلز اینڈ مائنز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے جامع منصوبہ بندی اور موثر پالیسی تشکیل دی ہے۔
میر علی مردان خان ڈومکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے تارکین وطن کی واپسی کا جو ٹائم فریم دیا ہے اس میں انہیں واپسی کے لیے سہولیات فراہم کی گئی ہیں لیکن مقررہ تاریخ کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کے لئے قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان مہمان نوازی اور روایتوں کا امین صوبہ ہے، نگران حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں ماضی کا مثالی امن بحال کرکے عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم کیا جائے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















