اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جانبدار وفاقی وزراء کو ہٹانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے نگران وفاقی وزراء کو کابینہ سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار سید عزیزالدین کاکا خیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
چیف الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر آپ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے، اس پر عزیز الدین کاکا خیل نے بتایا کہ میں تھوڑا لیٹ ہو گیا تھا معذرت چاہتا ہوں۔
چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ حکومت کی طرف سے الیکشن میں کون نمائندگی کر رہا ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے جواب دیا کہ میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کر رہا ہوں۔
درخواست گزار سید عزیزالدین کاکا خیل نے اپنے موقف میں کہا کہ گزشتہ حکومت میں فواد حسن فواد اور احد چیمہ اہم پوسٹوں پر فائز تھے، احد چیمہ کو سیاسی بنیادوں پر معاون خصوصی بنایا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ کیا آپ کے پاس ایسے شواہد ہیں کہ ان کی سیاسی وابستگی ثابت ہو سکے؟
کاکا خیل نے بتایا کہ نگران وزیر اعظم بھی سیاسی وابستگی رکھتے ہیں، نگران مشیر احد چیمہ گزشتہ حکو مت میں اہم عہدے پر تھے۔ اس پر ممبر کے پی کے جسٹس ر اکرام اللہ نے کہا کہ مشیر کو تعینات کرنا وزیر اعظم کی صوابدید ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی وفاقی وزیر کسی سیاسی جماعت کی سائیڈ لے رہا ہے تب الیکشن کمیشن کارروائی کر سکتا ہے، آپ سمجھتے ہیں دو بندے اگر نگران حکومت میں ہونگے تو الیکشن پر اثر انداز ہونگے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سول سروئنٹس کی کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہوتی، سول سروئنٹس کے بارے میں سول سروس ایکٹ میں سب کچھ لکھا ہے اگر سیاسی وابستگی ہو تو سول سروس کی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف میں آتا ہے۔
ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے پوچھا کہ نگران وزیر اعظم کا اصل کام کیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ نگران وفاقی وزیر اور مشیر کوئی پوسٹنگ اور ٹرانسفر نہیں کر سکتے، جتنے بھی پوسٹنگ اور ٹرانسفر الیکشن کمیشن کی منشا پر ہورہے ہیں، نگران وزیر اعظم پر نگران وزراء تعینات کرنے کی کوئی قد غن نہیں۔
ممبر سندھ نثار درانی نے سوال کیا کہ کیا یہ مناسب نہ ہوتا ان نگران ززیر اور مشیر کی بجائے کسی اور کو مقرر کر لیتے؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ نگران وزیر اعظم الیکشن کمیشن کی نگاہ سے معاملات کو دیکھ رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے صاف شفاف الیکشن کرانا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی نظر میں یہ وفاقی وزیر اور مشیر غیر جانبدار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے جانبدار وفاقی وزرا کو ہٹانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں درخواست ایڈووکیٹ عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر کی گئی تھی، درخواستگزار نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد، مشیر احد چیمہ کو ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعظم کے سیکرٹری توقیر شاہ سابق وزیر اعظم کے سیکرٹری رہے، آرٹیکل 218 کے مطابق نگران سیٹ اپ غیر جانبدار ہونا چاہیے، تاہم الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعظم کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















