Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے روانڈا سینیٹ کے صدر کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ باہمی تعلقات بالخصوص پارلیمانی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں روانڈا اور پاکستان سے پارلیمانی ممبران اور سرکاری قیادت نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان لک افریقہ پالیسی کے تحت روانڈا سمیت تمام افریقی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمانی رابطوں کو پروان چڑھانے میں پاک روانڈا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا کردار قابل ستائش ہے ، پاکستان اور روانڈا میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی روابط میں اضافہ ضروری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین زراعت فوڈ سیکورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاروباری اور سرمایہ کاری کے وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ روانڈا میں منعقد ہونے والی 145ویں بین الپارلیمانی اسمبلی اجلاس میں پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی طرف توجہ مبذول کروائی۔

ملاقات میں روانڈا کے سینیٹ کے صدر ڈاکٹر فرانکوس زیویر کالنڈا نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے افریقی سرمایہ کار مستفید ہوسکتے ہیں۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں