Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف معمول کے چیک اپ کے بعد واپس جاتی امراء پہنچ گئے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف شریف میڈیکل سٹی سے واپس جاتی امراء رائیونڈ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی میں اپنا معمول کا طبی معائنہ کروایا جہاں انہوں نے تقریبا 2 گھنٹے گزارے۔

شریف میڈیکل سٹی کے سی ای او ڈاکٹر عدنان کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے نواز شریف کا طبی معائنہ کیا جس کے بعد وہ واپس جاتی امراء رائیونڈ پہنچ گئے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گذشتہ روز ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی اندرونی کہانی بول نیوز سامنے لے آیا۔

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی ماضی کی کارکردگی کو انتخابی بیانیہ بنائے گی اور پارٹی نواز شریف کے سابقہ ادوار میں بنائے جانے والے منصوبوں کی بنیاد پر میدان میں اترے گی، رہنما انتخابی مہم کے دوران اپنی سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں گے، سب سے پہلے مسلم لیگ ن کا انتخابی منشور تیار کروایا جائے گا اور اس کے بعد پارلیمانی بورڈ بنا کر ٹکٹوں کی تقسیم کی جائے گی۔

اجلاس میں پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں اہم فیصلوں کی توثیق کرائی جائے گی۔

فیصلے کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد نواز شریف انتخابی مہم کے دوران جلسوں سے خطاب کرینگے، لیگی قیادت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو مکمل نظرانداز کرتے ہوئے ان سے کوئی بات چیت نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کر لیا۔

نواز شریف نے اجلاس میں شکوہ کیا کہ ملکی ترقی کے تمام تر اشاریوں کے باوجود ہمیں کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، پہلے غلام اسحاق پھر مشرف نے کام نہیں کرنے دیا، تیسری باری کے دوران دھرنے کروائے گئے، عدالتی کندھا استعمال کر کے مجھے زبردستی نکالا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ 1993 میں مجھے صدر، 1999 میں آرمی چیف اور 2017 میں چیف جسٹس نے نکالا، اگر ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو آج پاکستان دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شمار ہوتا، اب بھی خلوص دل اور صاف نیت سے ملک کی خدمت کرنا چاہ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو موجودہ معاشی و سیاسی بحران سے نکالیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں