گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل جل کر کام کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس اہم ورکشاپ کے تمام شرکاء کو گورنر ہاﺅس آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، یہ ایک حقیقت ہے کہ متضاد معاشی پالیسیوں اور خراب معاشی نظم و ضبط کی وجہ سے ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا جسے ہم لوگوں نے ہی سدھارنا ہے، انشاءاللہ ہم اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قومی سلامتی کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش تھے جسے ہماری مسلح افواج نے اپنی تدبیر ، صبر اور تحمل سے ناکام بنایا، اس واقعہ کے ذمہ دار جانتے تھے کہ ملک میں افرا تفری کا ماحول پیدا کیا جائے۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، نالوں کی صفائی اور ٹرانسپورٹ سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن کے حل کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا ہے۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے ، اس ملک نے ہمیں عزت ، شہرت اور وقار سب کچھ دیا اور اب اسے لوٹانے کا وقت ہے، ہمیں اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل جل کر کام کرنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم سب کرسکتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس بہترین بہادر فوج اور سپہ سالار موجود ہے ، جنرل عاصم منیر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی آگے ہیں اور ان ہی اقدامات کی بدولت معاشی صورتحال بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کریں لوگوں کی پریشانیوں میں ان کے حصہ دار بنیں ، ہم چاہیں تو اپنے حصے کا کام کر سکتے ہیں، اپنی زندگی سے آگے نکل کر ملک کے بارے میں سوچیں کیونکہ اس ملک کے لئے دی گئی قربانیوں کے لئے سوچنا ہوگا اور فورسز کی دی گئی قربانیوں کو سامنے رکھنا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ آئیے آج کے دن عہد کریں کہ وطن کی سا لمیت ، استحکام کے لئے ہم سب ملک کر کام کریں گے اور پوری دنیامیں پاکستان کے مثبت امیج کو ابھارنے کی کوشش کریں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















