Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسموگ کی شدت برقرار؛ لاہور آج بھی آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست

لاہور: اسموگ نے لاہور کا پیچھا نہ چھوڑا اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج پھر پہلے نمبر پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کا دارالحکومت لاہور دوبارہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا جہاں ہوا کا معیار انتہائی خراب ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کے مطابق لاہور کی ہوا میں مضر صحت ذرات کی ریٹنگ 433 ہے جس کی وجہ سے شہر کو ’غیر صحت بخش‘ فضا والے شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔

آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت دہلی دوسرے نمبر پر ہے جہاں 423 پرٹیکیولیٹ میٹرز آلودگی ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس فہرست کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے، تاہم کراچی کا فضائی معیار بھی مضرِ صحت ہے اور یہاں فضائی آلودگی 245 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 150 تا 200 آلودہ، 200 تا 300 آلودہ ترین اور 300 سے زائد خطرناک آلودگی ظاہر کرتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے فضائی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کو گلے کی خرابی، نزلہ زکام اور کھانسی جیسے  مسائل کا بھی سامنا ہے۔

دوسری جانب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے انتظامیہ کو صوبے بھر میں اسموگ کے تدارک کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نازیہ جبین نے انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔

پی ڈی ایم اے نے خط میں لکھا تھا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کمشنر کے اختیارات سونپ دیے گئے ہیں، ہر اس اقدام کو روکیں جو اسموگ کا باعث ہے، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کارخانے جو ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں کارروائی ہوگی، ضلعی انتظامیہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے چلنے والے بھٹوں کے علاوہ باقیوں پر کڑی نظر رکھے، حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، عوام کے ساتھ رابطہ استوار کریں، جہاں خلاف ورزی ہو اس کی ویڈیو منگوائیں، یونیورسٹیز کالجز اور اسکولوں میں اسموگ تدارک کیلئے سیمینارز بھی منعقد کروائے جائیں۔

بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں کی ملاقات ہوئی جس میں اسموگ کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا تھا کہ اسموگ سے نمٹنے کے لئے چین سے ٹیکنیکل معاونت اور جدید آلات کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، اسموگ کے خاتمے کے لئے طویل المدتی پالیسی اختیار کررہے ہیں، لاہور میں اسموگ کا بڑی وجہ انڈیا میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلانا ہے، دورہ چین کی کامیابی کے لئے چینی قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے تعاون کے مشکور ہیں، چین کی طرز پر پنجاب میں بھی ٹورسٹ پولیس قائم کی جارہی ہے، ایگریکلچر ریسرچ، واٹر مینجمنٹ اور دیگرامور میں چین کی مہارت میں فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اسموگ کے خاتمے کے لئے قابل قدر اقدامات کررہی ہے، پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت دیگر اقدامات قابل ستائش ہیں، لاہور میں ڈپلومیٹک انکلیو قائم کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں