ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی جماعت سے اتحاد یا سمجھوتہ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موجودہ نظام کے تحت نہیں چل سکتا، تمام تر وسائل وزیرِ اعظم اور وزراء اعلیٰ کے پاس ہیں، اس نظام میں وسائل کسی صورت نچلی سطح پر نہیں جا سکتے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز پر وفاق کے پاس صرف چوالیس فیصد حصہ ہے، وفاق کو فوج پی آئی اے اور اسٹیل مل کے لئے قرضے لینا پڑتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 56 فیصد فنڈز صوبوں میں آرہے ہیں جس سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس بن رہے ہیں، صوبہ سندھ کا موجودہ بجٹ 1452 ارب کا ہے، کراچی کو صرف 38 ارب ملتے ہیں، صوبائی خود مختاری کے بعد آٹھ سو فیصد سندھ کے بجٹ میں اضافہ ہوا، ہم ایسی ترمیم کو نہیں مانتے، یونین کونسل گاؤں گوٹھ اگر خود مختار نہیں ہو رہا ہے تو کوئی فائدہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم تین آئینی ترمیم چاہتی ہے، این ایف سی ایوارڈ سے ہم پی ایف سی ایوارڈ چاہتے ہیں، وزیر اعلٰیٰ کے ہاتھ میں ڈائریکٹ پیسے نا جائیں، پاکستان میں اب مخلوط حکومت آئے گی، ہم اپنی 2013 کی پوزیشن میں واپس جا رہے ہیں، کراچی کی 20 میں سے 17 سیٹیں لیں، جب کوئی ہمارے پاس اتحاد کے لئے آئے گا تو ہم اسے 20 صفحات پر مشتمل آئینی ترمیم کا ڈاکوئمنٹ دینگے، ہماری یونیورسٹیز اور نصاب بے روزگار لوگ پیدا کر رہے ہیں، ہمیں جاب ڈھونڈنے والا نہیں جاب پیدا کرنے والا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے آئی ٹی میں ایک اپنا مقام بنایا، انڈیا سے باہر جا کر پڑھنے والے اب اپنے ملک میں بلین ڈالرز لا رہے ہیں، 9 مئی جیسے واقعات ہم نے دیکھے ہیں، نوجوان پوری دنیا میں جاکر باہر سے زر مبادلہ ملک میں لائے، ہم دقیانوسی قسم کی تعلیم دے رہے ہیں، اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے، حماس دہشت گرد تنظیم نہیں ہے، اسرائیل تو اپنے عزائم سے نہیں باز آرہا، مسلم امہ پر ایک سوالیہ نشان ہے، فلسطین کے بیس لاکھ مسلمانوں کو مٹایا نہیں جا سکتا، عوام کو اب اٹھنا پڑے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم تو صبح گیس اور رات کو بجلی بندش برداشت کر رہے ہیں، ہمارا پانی چوری ہو رہا ہے، ہمیں اپنے ملک میں ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہو گا، پھر ہی دنیا کے دوسرے مظلوموں کی ہم آواز بن سکیں گے، فلسطین کا پتھر اٹھائے دس سال کا بچہ سب سے بہادر ہے، ہم پر کوئی ٹینک نہیں تان رہا لیکن ہم پانی کی چوری کے خلاف نہیں نکل رہے، بس ہم پروگرام دیکھ کے گالیاں دیتے ہیں، باقی سب سیاستدانوں پر چھوڑ دیتے ہیں، ایک منٹ میں یہ مٹھی بھر جاگیردار تہس نہس ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ساری جماعتوں سے رابطہ ہے، تاہم ابھی تک کسی جماعت سے اتحاد کا باقاعدہ سمجھوتہ نہیں ہوا ہے، پی ٹی آئی پر بیعت نا کرنے پر ہمارے خلاف ریفرنس دائر ہوا، ایم کیو ایم خوفزدہ بالکل نہیں ہے، شہر میں تحریک انصاف کو سیٹیں دیکر دیکھ لیں، اب سب تجربے ہو گئے، لوگ جانتے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















