حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ حماس نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی نے طوفان الاقصی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں نے سوسال جنگ لڑ کر آزادی حاصل کی، اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ پاکستانی قوم دم خم والی ہے لیکن میں کہتا ہوں پاکستانی قوم دم خم ہی نہیں بم خم والی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کردیا ہے، حکومت پاکستان فلسطینیوں کی عملی مدد کا اعلان کرے، ہم اعلان کرتے ہیں کہ گریٹر اسرائیل کے راستے میں رکاوٹ بنیں گے۔
سعد حسین رضوی نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت کو فلسطین جانے کے لئے افرادی قوت چاہئے تو ہم دیں گے اور اگر آپ کو معاشی قوت بھی چاہیئں تو وہ بھی ہم دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک وقت کی روٹی کھا کر بچت کر کے جہاد کے لئے دینے کو تیار ہیں، الیکشن آئے گا تو لڑلیں گے ابھی یہودیوں سے لڑنے کا وقت ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت قبلہ اول کے تحفظ کا وقت ہے، اس وقت دشمن کو اللہ کی دی ہوئی طاقت دکھانے کا وقت ہے، ہم فلسطین کے لئے تمام مذہبی سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کو تیار ہیں۔
حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ نے طوفان الاقصی مارچ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کا فلسطینیوں اور قبلہ اول سے نظریاتی تعلق ہے، پاکستان کے لوگ اسلام کے فرزند ہیں، عالمی تنازعات میں پاکستان کے مؤقف کو اہمیت حاصل ہے۔
اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے انگریز کا مقابلہ کیا اور آزادی حاصل کی، افغانستان نے بھی جہاد کرکے عالمی استعمار سے آزادی حاصل کی، فلسطینی و کشمیری آج بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، حماس نے طوفان الاقصی آپریشن میں ہزاروں شہدا پیش کرکے عالم اسلام کی جنگ لڑی ہے، اسرائیل کا گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کردیا ہے۔
حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ نے مزید کہا کہ پاکستانی بھائی بہنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی، تمام پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے آج اسلام آباد میں غزہ پر اسرائیل کے حملے کے خلاف ’طوفان الاقصیٰ ملین مارچ‘ کے نام سے ریلی کا انعقاد کیا تھا، ٹی ایل پی کی ریلی آج سہہ پہر راولپنڈی کے فیض آباد چوک سے شروع ہو کر اسلام آباد بلیو ایریا میں پہنچی تھی۔
تحریک لبیک کے طوفان الاقصیٰ ملین مارچ میں بڑی تعداد میں شرکا موجود تھے اور انہوں نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے اور بینرز پکڑ رکھے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کی دیگر مذہبی سیاسی جماعتوں بالخصوص جماعت اسلام اور جمعیت علمائے اسلام نے بھی فلسطین کی حمایت میں بڑی ریلیوں کا اہتمام کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















