لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف فٹ ہیں اور آئندہ الیکشن ضرور لڑیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن آمد پر سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی و سیاسی طورپر فٹ ہوں الیکشن ضرور لڑوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیول پلینگ فیلڈ سب کے پاس ہے کھڈا شڈا کہیں نہیں ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن پہنچے تاہم وطن واپسی کے بعد نوازشریف کا مرکزی سیکریٹریٹ میں یہ پہلا دن تھا۔
نواز شریف کی مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقاتوں کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
مرکزی سیکرٹیریٹ آمد پر پارٹی صدر شہباز شریف نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ محمد نواز شریف کا استقبال کیا۔
پارٹی صدر شہباز شریف نے قائد نواز شریف کو مرکزی سیکریٹریٹ آمد پر مبارک پیش کی۔
بعدازاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کرنے والوں میں خواجہ محمد آصف، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، چیئرمن الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب شامل تھیں۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ملکی سیاسی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا، تاہم نواز شریف انتخابی مہم شروع کرنے سے قبل سیاسی قیادت کو ظہرانے پر اکھٹا کریں گے اور اس حوالے سے چند روز میں نواز شریف خود سیاسی رہنماؤں سے رابطے کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی سینیر رہنماؤں اور قریبی دوستوں نے نواز شریف کو تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ بٹھانے کی تجویز دی جبکہ تحریک انصاف کے وفد کو بھی مدعو کرنے کی تجویز دی گئی۔
اس کے علاوہ نواز شریف سیاسی قیادت کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجوں پر گفتگو کریں گے اور سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کی ذاتی مخالفت یا سیاسی انتقام نہ لینے کے بیانیے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
نواز شریف ان دنوں قریبی دوستوں اور قابل اعتماد ساتھیوں سے اہم قومی و سیاسی امور پر مشاورت کررہے ہیں جبکہ 10 نومبر سے نواز شریف ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















