نگران وزیراعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی صدارت میں اسلام آباد کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال اور انسداد منشیات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو مارگلہ نیشنل پارک کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں سرکاری ملکیتی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیر سرپرستی ترقیاتی منصوبوں، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹوری پولیس کی کارکردگی اور دیگر امور کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نگران وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے مزید 160 نئی بسیں آنے والی ہیں جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مؤثر ہو جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور کہا گیا کہ رواں برس جرائم کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کے کیمروں کو استعمال میں لا کر ای چالان کے نظام کا مکمل طور پر نفاذ کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی خریدو فروخت کیلئے شہر کے مختلف حصوں میں قائم شورومز کی وجہ سے پارکنگ اور ٹریفک کیلئے پیدا کردہ مسائل کا فوری سد باب کیا جائے۔
انوار الحق نےکہا کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی نمائش، نیلامی و خرید و فروخت کے لیے مناسب مقام پر ایک کار سٹی کا جامع منصوبہ بنایا جائے جبکہ اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔
نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے مرکزی ڈیجیٹل نظام کا قیام عمل میں لایا جائے جبکہ پرانی گاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر رائج ماحولیاتی آلودگی کے معیار پر فٹنس سرٹیفکیٹ کا اجراء کیا جائے۔
انوار الحق کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ڈرائیونگ لائیسنس کے اجراء کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے جبکہ مارگلہ نیشنل پارک سمیت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انوار الحق نے پولیس حکام کو تعلیمی اداروں اور ان کے اطراف میں منشیات اور نشہ آور اشیاء فروخت کرنے والوں کی شناخت اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو اسکولوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات لینے کی ہدایت کی جبکہ نگران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں ڈولفن فورس کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات لینے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















