Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات؛ اہم امور پر تبادلہ خیال

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کی ملاقات ہوئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان ایئر لائن (اے زیڈ اے ایل) کے پاکستان کے لیے براہ راست فلاٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار اور سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

دوران ملاقات نگران وزیر اعظم اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز، علاقائی تعاون اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ای سی او کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے) میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ ازبکستان کے دورے پر گئے ہوئے پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج تاشقند میں مصروف دن گزاریں گے۔

نگران وزیر اعظم آذربائیجان کے صدر الہام علییو سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نگران وزیر اعظم ای سی او کے سولہویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ ای سی او ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیے میں بھی شریک ہوں گے۔

نگران وزیر اعظم کی آج ازبکستان تاریخی شہر سمر قند روانگی بھی متوقع ہے جہاں وہ حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری دیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں