Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بی آر آئی میں دنیا کے مشکل مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ بی آر آئی میں دنیا کے مشکل مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بی آر آئی کے ثمرات کے موضوع پر چین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ منصوبہ پاکستان کے لئے لائف لائن بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا تصور دنیا کی بین الاقوامی تعلقات میں بڑی تبدیلی لایا ہے، سرحدوں کی قید سے ماورا وژن لوگوں کو انفرا اسٹرکچر کے جال کے ذریعے جوڑ رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یوکرین کی جنگ ختم نہیں ہوئی اور فلسطین میں جنگ بھڑک اٹھی ہے، اسرائیل مغرب کی غیر مشروط حمایت سے فلسطین پر ظلم وبربریت کر رہا ہے، غزہ بچوں کا قبرستان بن گیا ہے، نسل کشی کا نشانہ بننے والوں کے حق میں آواز اٹھانے پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ عالمی تعاون اور اشتراک عمل کی حیران کن مثال بن چکا ہے، بی آر آئی میں دنیا کے مشکل مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی ترقی کی صلاحیت رکھنے والا منفرد منصوبہ ہے، سی پیک سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر آئی کے نشان ساؤتھ ایسٹ ایشیا، ساؤتھ ایشیا اور سینٹرل ایشیا تک پھیل چکے ہیں، یہ ساؤتھ تعاون کی عمدہ مثال ہے، بندرگاہوں، سڑکوں اور ریل کے ذریعے ایشیا، یورپ اور افریقہ کو جوڑنے کا ذریعہ یہ منصوبہ عالمی معیشت کے لئے نہایت اہم ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کے لئے فیصلہ سازی کرتی ہیں، سیاسی جماعتوں میں تعاون مستقبل کی صورت گری میں نہایت اہم ہے، دنیا کو آج سب سے بڑھ کر تعاون کی راہ اپنانے کی ضرورت ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں