سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی کی ملاقات ہوئی جہاں شہباز شریف نے حاجی لشکری رئیسانی اور دیگر راہنماؤں کا استقبال کیا۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا، شہباز شریف کی حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت اور حاجی لشکری رئیسانی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ساتھیوں اور دوستوں سے مشاورت کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کروں گا۔
حاجی لشکری رئیسانی نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارک دی اور نواز شریف کی ملک وقوم کی ترقی کے لئے خدمات اور وژن کو سراہا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے، گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دانش سکول کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے، اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دیں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے، بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر میر ہمایوں کرد اور دیگر راہنما بھی شریک تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















