فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 9 مئی کا بوجھ لے کر کوئی بھی سیاست دان سیاست نہیں کر سکتا۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسد عمر کے استعفیٰ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ تباہی کی تلافی کے لئے توبہ کے ساتھ ساتھ کفارہ بھی ضروری ہے، اسد عمر کفارے کے طور پر نو مئی کے ذمہ داروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بوسیدہ دیوار گرتی جا رہی ہے، اس دیوار کے ذمہ دار نے اپنے ہاتھوں سے یہ دیوار گرائی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نو مئی کا بوجھ لے کر کوئی بھی سیاست دان سیاست نہیں کر سکتا، پی ٹی آئی پر پت جھڑ کا موسم ہے اس کے سارے پت جھڑتے جا رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ملکی امن کو نفرت دھویں اور آگ سے آلودہ کرنے والی پارٹی اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے،9 مئی ملکی سیاست کے لئے سورج گرہن ثابت ہوا۔
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ اسد عمر پارٹی چھوڑنے کے ساتھ ساتھ نو مئی کے ذمہ داروں کا بھی اعلان کریں۔
اسد عمر نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سیاست مکمل طور پر چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عوامی زندگی کے بعد میں نے سیاست کو مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ میں پہلے بھی عوامی سطح پر کہہ چکا ہوں کہ میں ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں اور ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے عوامی زندگی میں میرا ساتھ دیا، خاص طور پر میں این اے 54 کی ٹیم اور ووٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے دو بار منتخب کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















