پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی پاکستان کی ترقی اور مضبوطی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ہندو کمیونٹی کو روشنیوں کے تہوار دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ روشنیوں کے تہوار دیوالی پر ہندو برادری کو بہت مبارک پیش کرتی ہوں، آپ کی خوشیاں، امن اور ترقی نواز شریف کی قیادت میں ہمیں بےحد عزیز اور مقدم ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہمیشہ سے ہماری روایت رہی ہے، اس روایت کو مزید جذبے اور آئین کی روشنی میں آگے بڑھائیں گے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ غیر مسلم پاکستانیوں کو فیصلہ سازی اور ترقی کے عمل میں مزید مواقع دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی ترقی پاکستان کی ترقی اور مضبوطی ہے، اقلیتوں کی وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور ترقی کےلیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ہندو برادری اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار دیوالی آج منارہی ہے
دنیا بھر میں ہندو برادری اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار دیوالی آج منارہی ہے، اس سلسلے میں مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
دیوالی ایک ہندو مذہبی تہوار ہے ہر سال نومبر کے مہینے میں منایا جاتا ہے، اسے روشنیوں کا تہوار یا خوش قسمتی کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، اس لیے لوگ اس روز دیے جلاتے ہیں۔
دیوالی کرشن بھگوان کے چودہ سال بن باس کاٹنے کے بعد واپسی کی خوشی میں منائی جاتی ہے۔ اس دن ہندو برادری لکشمی پوجا کرتی ہے اور دعائیں مانگتی ہے۔ کاروباری افراد دیوالی کے دن سے نئے کاروبار کی شروعات کو ترجیح دیتے ہیں۔
اس تہوار میں ہندو افراد گھروں کی سجاوٹ کرتے ہیں مٹھائیاں اور کھانے بناتے ہیں۔ ہندو برادری پوجا پاٹ کے بعد پٹاخے اور پھلجزڑیاں جلا کر دیوالی کی خوشیاں مناتے ہیں۔
ہندو برادری مذہبی تہوار جوش و خروش سے منانے میں مصروف ہیں۔ مندروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ خصوصی پوجا اور دیئے جلانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















