Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں پنجاب حکومت کا اسموگ میں کمی کیلئے بڑا اقدام

 نگراں پنجاب حکومت نے اسموگ میں کمی کیلئے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان معاہدہ ہوگیا، فٹنس سر ٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر گاڑیوں کی موٹروے اور ہائی ویز پرداخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ آفس میں محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر کہا گیا کہ ایکسل لوڈ رجیم پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، زائد وزن والے ٹرالرکسی بھی صورت موٹروے اور ہائی ویز داخل نہیں ہوں گے، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور موٹروے پولیس کے درمیان وہیکلز فٹنس اور روٹ پرمٹ کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ ہوگا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اور موٹروے پولیس انفارمیشن کے تبادلے اور قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں گے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اورموٹروے پولیس کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک کار کو فروغ دیا جائے گا۔

ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ (پلاننگ) اور ڈی آئی جی (آئی ٹی)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاہدہ یقینا ماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے خوش آئند ہے، غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاؤں کو فری رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی، فری رجسٹریشن کی مدت گزرنے کے بعد غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاؤں کو روڈ پر نہیں آنے دیا جائے گا، لاہور اسلام آباد موٹروے کے وسط میں ٹراما سنٹر کی اشد ضرورت ہے، پنجاب حکومت اس ضمن میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے کے تعاون سے ٹراما سنٹر بنانے کے لئے تیار ہے۔

نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست بنایا جارہا ہے، صوبے کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولتوں کے لئے کوشاں ہیں۔

آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ شعبہ کی آٹو میشن کے لئے انقلابی اقدام کیے ہیں، پنجاب حکومت کے آٹو میشن کے اقدامات دیگر صوبوں کے لئے بھی قابل تقلید ہیں۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سٹیشن قائم کیے جارہے ہیں، لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے ضروری امور طے کر لیے گئے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس،ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈموٹروے پولیس(سنٹرل ریجن)،ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی نیشنل ہائی وے،ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل ون،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ،ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ٹرانسپورٹ،منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی،سی ای او پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں