Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ملائیشیا کی سینیٹ کے صدر سینیٹر تان سری ڈاکٹر حاجی وان جنیدی بن تنکو جعفر کے مابین ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بری طرح ناکام ہوئے ہیں اور فلسطین میں جاری موجودہ صورتحال پوری دنیا کے لئے سنگین صورتحال اختیار کر سکتی ہے جبکہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ فلسطین میں جاری ظلم و بربریت ایک انسانی المیہ بن چکا ہے۔

گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے مابین برادرانہ و سفارتی تعلقات، تجارت،سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا اور اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے تاجر و سرمایہ کار دونوں ممالک میں موجود سرمایہ کے مواقع سے مستفید ہوں گے۔

ملائیشیا کی سینیٹ کے صدر سینیٹر تان سری ڈاکٹر حاجی وان جنیدی بن تنکو جعفر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایوان بالا کا خصوصی اجلاس طلب کر کے سیر حاصل بحث کرائی۔

صدر ملائیشیا سینیٹ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو پاکستان کے سینیٹ میں مسئلہ فلسطین کو بھر پور انداز میں اُجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان کے سینیٹ کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایک جامع اور موثر قرار داد متفقہ طور پر پاس کی گئی جو قابل تحسین ہے۔

صدر ملائیشیا سینیٹ نے کہا کہ دنیا بھر کے پارلیمانوں میں سے پاکستان کے پارلیمان نے سب سے زیادہ موثر انداز میں مسئلہ فلسطین پر آواز بلند کی، جلد ہی ملائیشیا کی سینیٹ کا اجلاس طلب کر کے مسئلہ فلسطین پر تفصیلی اور بھر پورانداز میں بحث کی جائے گی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرا نی نے ملائیشیا کے سینیٹ کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

چیئرمین سینیٹ نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت اور انسانی حقو ق کی بدترین پامالی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے ہسپتالوں، نہتے معصوم شہریوں پر اسرائیلی فضائی اورزمینی حملے عالمی برادری کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں،غزہ کے ہسپتال پر تباہ کن حملے نے ساری دنیا کو دہشت زدہ کر دیا ہے،عالمی برادری اسرائیل کے مجرمانہ فعل میں دوہرے معیار اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اطلاق میں امتیازی طرزِ عمل کو ترک کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نہتے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ ، مضبوط اور مشترکہ موقف کی ضرورت ہے اور غزہ کے شہریوں تک خوراک اور ادویات کی فراہمی کے لئے فوری طور پر محفوظ راہداریاں کھولی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی قانون کے تحت جنگ میں ہسپتال اور طبی امداد فراہم کرنے والوں کو تحفظ حاصل ہوتا ہے اور یہ صریح جارحیت اور بے رحمانہ عمل انسانیت کے خلاف ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں، ہسپتال اور املاک کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا جنگی جرم ہے جس سے اسرائیلی نفرت انگیز بربریت بے نقاب ہوئی ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

 

متعلقہ خبریں