فوجی عدالتوں کی بحالی کیلئے شہدا فورم بلوچستان کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست شہدا فورم کے پیٹرن ان چیف نوابزادہ جمال رئیسانی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ9 مئی کے واقعات کے بعد شہدا کے لواحقین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، گزشتہ برسوں میں مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بے رحمی سے نشانہ بنایا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ہزاروں جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں شہریوں کا جانی نقصان ہوا ہے، شہدا اور زخمیوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں کو کالعدم کرنے کا فیصلہ آئین اور قانون کی روح کے خلاف ہے، فوجی عدالتوں کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ زمینی حقائق اور صورتحال کو مدنظر رکھنے میں ناکام رہا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے جس پانچ رکنی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا وہ اپیل میں نہیں بیٹھ سکتے، سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بنچ بڑے بنچوں کی طرف سے کیے گئے فیصلوں پر نظر ثانی نہیں کر سکتا، آرمی ایکٹ کے تحت کورٹ مارشل کے طریقہ کار کو وفاقی شرعی عدالت نے بھی اسلامی اقدار اور بنیادی حقوق سے ہم آہنگ قرار دیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















