Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم کسی کو الیکشن اور ووٹ چھیننے نہیں دے گی، مصطفیٰ کمال

 سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی کو الیکشن اور ووٹ چھیننے نہیں دے گی۔

تفصیلات کے مطابق سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے قصبہ علیگڑھ ٹاؤن کے زیر اہتمام انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے زمانے میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہر میں شمار ہوتا تھا لیکن آج کراچی دنیا کے چار بد ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، شہر میں کھلے ڈھکن نہ ہونے کے باعث بچے مر رہے ہیں، ہمیں ہمارا پانی چوری کر کے بیچا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم پچھلے سالوں سے مضبوط اور متحد ہے، آج ہمارا دشمن بھی یہ کہتا ہے شہر اگر پہلے کسی کے دور میں بنا تو ہمارے دور میں بنا، ایم کیو ایم کسی کو الیکشن اور ووٹ چھیننے نہیں دے گی، ایم کیو ایم 2013 کی پوزیشن واپس لے گی، ہمیں اگر مینڈیٹ ملا اس شہر کو سنوار دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ایک ہی آسرا ہے لندن سے کوئی بائیکاٹ کرے گا مہاجر ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں دیں گے، قصبہ علیگڑھ کے لوگوں نے آج ہی ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، یہ ٹاؤن کا اجتماع ہے جلسے کی شکل اختیار کیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی والے پریشان ہیں، پیپلزپارٹی کو کہنا چاہتا ہوں 1993 میں بھی تمہاری حکومت تھی، پیپلزپارٹی والوں تم ہمارے خلاف آپریشن کرتے تھے نوجوانوں کو مارتے تھے، پیپلزپارٹی کو ووٹوں کی بھیک مانگنے کے لیے ہمارے دروازے پر آنا پڑا، آصف علی زرداری کو ہمارے دروازے پر آنے سے پہلے شہداء قبرستان میں جا کر شہیدوں سے معافی مانگنی پڑی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نفرت بیچنے والے لوگ نہیں ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اس شہر میں مہاجروں کو پختونوں سے لڑایا، اب ایم کیو ایم لیاری، سہراب گوٹھ، کیماڑی اور بنارس کی ہے، اس شہر میں اب کسی کی لڑائی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے شہداء قبرستان میں تالے لگوا دیے، اب اس شہر میں نوجواں لاپتہ نہیں ہو رہے، ہمیں ماؤں کے بچوں اور اپنے نوجوانوں کا احساس ہے، مجھے اس شہر کا امن سب سے زیادہ عزیز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں ایم کیو ایم نے وہ کر دکھایا جو 40 سالوں میں نہیں ہوا، 7 اپریل کو کراچی کی آبادی 1 کروڑ 30 لاکھ دکھانے کی کوشش کی گئی تھی، ایم کیو ایم کی کوششوں سے کراچی کی آبادی میں 73 لاکھ لوگوں کا اضافہ ہوا، آگے بھی اسی طرح سے ساری منزلیں عبور کرتے چلیں جائیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں آج زرداری صاحب کو آواز لگا کر کہتا ہوں آپ کے لوگ جو ایم کیو ایم کو گالی دے رہے ہیں یہ بلاول کے راستے پر مائل بچھا رہے ہیں، اگر ایم کیو ایم ساتھ نہیں ہے تو اس جنم میں بلاول وزیر اعظم بننے کا خواب چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم ڈسٹرکٹ سینٹرل کو فتح کرنا چاہتے ہیں، 50 یوسیز میں سے صرف 3 یوسیز جیت پائے ہیں، اطلاعات یہ ہیں نالے پر ضیاء الدین اسپتال بنا ہوا ہے، انشاءاللہ وقت آئے گا تو دیکھیں گے نالے کے راستے میں جو کچھ ہوگا اس کو گرائیں گے، جب غریب کی کچی آبادی گر سکتی ہے تو نالے پر بنے اسپتال کو بھی گرنا چاہیے۔

 

 

اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج  https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں