کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج کراچی پورے پاکستان کی عوام کو آزادی کی نئی نوید دے رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 فروری کو ہم یوم تشکر منائیں گے، آپ کی استقامت جیت گئی ہے سازشیں دم توڑ چکی ہیں، پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے ہمارا کچرا اٹھانے کا فیصلہ کیا، جو لوگ کہہ رہے تھے ایم کیو ایم تقسیم ہو رہی ہے ہم کہہ رہے تھے ایم کیو ایم کی تجدید ہو رہی ہے، یہ نکھرتی ہوئی ایم کیو ایم پاکستان کے چہرے کو نکھار دے گی، کچھ لوگوں نے اس شہر کا منہ لہو سے دھویا، آج یہ شہر پورے پاکستان کی عوام کو آزادی کی نئی نوید دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لاہور یہ بتانے گئے تھے حکومت نہیں انصاف چاہیے، یہ وطن غلامی کے لئے نہیں آزادی کے لئے بنا تھا، ہم اپنے حصے کا پاکستان اپنے ساتھ لائے تھے، ایم کیو ایم والے کرسیوں پر بیٹھنے والے نہیں کرسیاں بانٹنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہو جائے گا کے عوام کس کے ساتھ ہیں، بہت ہوگیا اب فیصلہ ہو جانا چاہیے، وہ بھی ایم کیو ایم کا سورج ابھرتے ہوئے دیکھ لیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مردم شماری میں جو وعدہ کیا اس کو پورا کیا، اب لوگوں کا دماغ درست کرنا ہے پھر پاکستان کو درست کرنا ہے، ایک نئے پاکستان کی تشکیل کے لئے کھڑے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن آپ جانتے ہیں کے ہم لڑنا جانتے ہیں، اب ہمارا آپشن جیتنا ہی ہے، ہم اپنے حصہ کی تبدیلی لا چکے ہیں، اور جس کو تبدیلی لانی ہے ایم کیو ایم ان کے ساتھ ہے۔
اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















