Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت کا بچوں کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے پر زور

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے قومی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔

صدر عارف علوی نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ آج عالمی یوم اطفال “ہر بچے کیلئے ہر حق” کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، آج کے دن ہم بچوں کے حقوق اور بہبود کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام ِمتحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن سمیت انسانی حقوق کے سات بنیادی کنونشنز پر دستخط کر چکا ہے، پاکستان بچوں کی خرید و فروخت، جسم فروشی، پورنوگرافی اور جنگوں میں بچوں کی شمولیت سے متعلق اختیاری پروٹوکول کی بھی توثیق کر چکا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ اقوام ِمتحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن پر ایک دستخط کنندہ کے طور پر پاکستان بچوں کے حقوق کی وکالت، تحفظ اور فروغ میں صفِ اول میں شامل ہے، بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس کے مستقبل کی واحد ضمانت ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے بچوں کی جانب اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہے، دستور ِ پاکستان اور اقوام ِمتحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن کے مطابق بچوں کی جامع ترقی، اندراجِ پیدائش، تعلیم، صحت، شرکت، وقار اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیں کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بچے ذہنی و جسمانی نشوونما میں کمی، غذائیت کی قلت اور معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک عدم رسائی جیسے کئی چیلنجز کا شکار ہیں، بچوں کی اسمگلنگ، شادی، چائلڈ لیبر، جسمانی سزا، بدسلوکی، قانون سے تصادم اور نقصان دہ سماجی روایات جیسے تحفظ کے مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بچوں کے تحفظ کیلئے مختلف قوانین بنائے ہیں، بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مختلف ادارے بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ بچوں کو اُن کے حقوق اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

عارف علوی نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے پیشِ نظر پاکستان بچوں پر سرمایہ کاری کے واضح وژن کا حامل ہے، سماجی انصاف اور مساوات ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک صحت مند معاشرے کا ڈھانچہ استوار کیا جانا چاہیے، ہمیں معاشرتی سطح پر ایک تحریک، کمیونٹیز اور خاندانوں کو ہماری قوم کے مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انکا کہنا تھا کہا کہ ہمارا مذہب اسلام بچوں کی فلاح و بہبود اور بہتر تعلیم و تربیت کی مدد سے انکی کردار سازی کیلئے والدین پر ذمہ داری عائد کرتا ہے، حضور نبی اکرمﷺ بچوں سے محبت کرتے اور ان کیلئے سب سے زیادہ شفیق اور خیال رکھنے والے تھے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ عالمی یومِ اطفال کے موقع پر میں متعلقہ سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور خود بچوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سب اکٹھے ہوں اور بچوں کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے قومی کوششوں میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن آج 20 نومبر کو منایا جا رہا ہے جس کا مقصد بچوں کی تعلیم، صحت، تفریح اور ذہنی تربیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج  https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں