نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نےکہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان کئی دہائیوں پر مشتمل دوستی دنیا بھر کے لئے مثال ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی سے چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے چینی باشندوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں نگران وزیر داخلہ نےکہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کئی دہائیوں پر مشتمل دوستی دنیا بھر کے لئے مثال ہے، وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے چین کا کامیاب دورہ کیا جس سے سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
سرفراز احمد بگٹی نے یہ بھی کہا کہ اگلا ہدف دورے کے دوران کئے گئے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے، چینی صدر شی جن پنگ کا گلوبل سیکیورٹی انیشیٹیو قابل ستائش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلوبل سکیورٹی کو بڑھانے کیلئے پاکستان ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے، چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک چیلنج ہے مگر ہم نے اسے پہلے بھی شکست دی ہے اور انشاءللہ اس مرتبہ بھی اس کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















