سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ منسٹر انکلیو میں مشاورتی بیٹھک کی۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے منسٹر انکلیو میں مشاورتی بیٹھک کے دوران پارٹی رہنماؤں سے ملکی سیاسی صورتحال، عدالتی کیسز اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی۔
اس دوران پارلیمانی بورڈ کی تشکیل سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
احسن اقبال نے آئندہ کی الیکشن حکمت عملی اور ٹکٹوں کے لئے وصول ہونے والی درخواستوں پر نواز شریف کو بریفنگ دی۔
مشاورت میں شہباز شریف، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، سردار ایاز صادق، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، طلال چوہدری و دیگر موجود تھے۔
نواز شریف کی مری میں سیاسی مصروفیات
قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے مری میں کافی مصروف دن گزارا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نواز شریف سے مری و ملحقہ علاقوں کے مقامی قائدین نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے نواز شریف کو پارٹی میں پائے جانے والے اختلافات کے بارے میں آگاہ کیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کے امکان کے بعد مری کی نشست پر امیدواروں کی دلچسپی بڑھ گئی، خاقان عباسی کے بیٹے بھی مری سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے خواہشمند ہیں۔
مری کی نشست پر امیدواروں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے پارٹی میں اختلافات واضح نظر آنے لگے، مقامی قیادت نے نواز شریف کو مری سے انتخابی میدان میں اترنے کی دعوت دی ہے جس کے بعد نواز شریف کا مری سے الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔
مقامی قیادت نے مشورہ دیا کہ نواز شریف خود مری سے الیکشن لڑیں تو کسی کو اس فیصلے سے اختلاف کی جرات نہیں ہو سکے گی، ان کے مری سے انتخابی میدان میں اترنے پر پارٹی میں جوش و خروش بڑھے گا اور اختلافات ختم ہوں گے۔
نواز شریف نے مری کی مقامی قیادت کو اپنے آپس کے اختلافات ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔
پارلیمانی بورڈ کی سفارش کے بعد مری سے ٹکٹ ملنے کا حتمی فیصلہ نواز شریف خود کرینگے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















