پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان سے کرپشن ختم کرنا چاہتی ہے۔
سراج الحق نے پشاور یونیورسٹی میں حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے مجھ سے ملاقات کی، میں نے بتایا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں مفت تعلیم دینا چاہتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سوا دو کروڑ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں، اقتدار میں آئے تو پہلے سال تعلیم کا بجٹ 2.7 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کریں گے، جب تک طلبہ کو روزگار نہیں ملتا ہم ان کو بے روزگاری الاؤنس دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے ہاتھوں میں 77 ہزار ارب کی زنجیریں ہیں، ناکام حکمران دوبارہ قوم کے کندھوں پر کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ میرے پاس بلیٹ پروف گاڑی نہیں ہے، میں خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، چور، لٹیرے، احتساب نہ دینے والے ڈرتے ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ ہم ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں، آپ چاہتے ہیں کہ پاکستان فلسطین کا ساتھ دیں تو ہمارا ساتھ دیں، ہم غزہ جانا چاہتے ہیں ہمارے لیے راستے کھول دو۔ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔
گزشتہ روز مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے نتیجہ میں معاشی تباہی آئی، جماعت اسلامی ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ترازو کے نشان پر اسلامی فلاحی پاکستان کے منشور کے تحت الیکشن میں جائیں گے جبکہ اگر ماضی کی غلطیاں دوہرائی گئیں تو مزید عدم استحکام آئے گا۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی وجہ نااہل حکمران اور کرپشن ہے جبکہ حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















