اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے اہلکاروں کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت مکمل کر لی ہے، الیکشن کمیشن 30 نومبر کو حتمی حلقہ بندیوں کی فہرستیں جاری کرے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادررا میں جاری ہے، الیکشن شیڈول جاری ہونے تک انتخابی فہرستوں کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے گا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے مشاورت کے بعد سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کا اجرا کر دیا ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، ریٹرننگ آفیسرز و پولنگ اسٹاف کی ٹریننگ کا پلان تیار ہے، ان کی بروقت ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بیلٹ پیپروں کی طباعت کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور الیکشن میٹریل کی خریداری بھی مکمل کر لی گئی ہے، الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل تیار ہے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے اہلکاروں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق ایک ہفتے میں تفصیلات لی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات سے متعلق اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتخابی فہرستوں کی ریٹرننگ افسروں تک ترسیل کا مکمل میکنزم بنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن اعلان کر چکا ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ سپریم کورٹ میں 11 فروری کی تاریخ سامنے آئی تاہم صدر سے مشاورت کے بعد 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوا۔
قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات آٹھ فروری کو کرائے جائیں گے جس کا الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں تاہم الیکشن کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















