پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا انتخابی منشور ہمیشہ کی طرح جامع قابل عمل اور پاکستان کے مسائل کا حل ثابت ہو گا، اپنی روایت کے مطابق معاشی بحالی وخود انحصاری اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے، صرف وعدے نہیں کرنے اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور تمام طبقات اور ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا جا رہا ہے؛ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کے لئے اصلاحات، انتظامی امور میں بہتری، گڈ گورننس پر سفارشات، نظام عدل کی اصلاح، خارجہ تعلقات کا فروغ، امن کا قیام، قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانا، بیوروکریسی، سول سروسز، ایندھن، ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم پر منشور میں سفارشات شامل ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا، فلم، ٹی وی، تاریخ و ادب، ثقافت، سیاحت کے فروغ کے لئے پالیسی گائیڈ لائن، موسمیاتی تبدیلیوں، بڑھتی آبادی پر قابو، صحت و غذا کا تحفظ، نوجوانوں کی تعلیم، وظائف اور لیپ ٹاپ کی فراہمی، ہنرمندی اور روزگار، کسانوں، محنت کشوں، مزدوروں، کمزور طبقات اور اقلیتوں کے معاشی، سماجی حقوق، کھیلوں کا فروغ، نئے میدانوں، اسپورٹس کمپلیکسز کی تیاری، خصوصی افراد کے لئے اقدامات بھی منشور کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ وعدے پورے کئے ہیں، پھر کریں گے، ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے۔



















