سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم مسجد اقصیٰ کی حفاظت اور فلسطینیوں کے حق کے لئے لڑے گے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں 15 سال تسلسل کے ساتھ حکومت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کرنے کے باوجود بھی پیپلز پارٹی ڈیلیور نہیں کرسکے، آج بھی سندھ میں وہی مسائل ہیں جو پندرہ سال پہلے تھے، سندھ کی عوام اب کسی بھی نعروں کے جھانسے میں نہیں آئی گی۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اب سندھ کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور انقلاب چاہتے ہیں، ہم تو چاہتے ہیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک ہو جائیں کیونکہ انکے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن پہلے بھی اتحاد کیا تھا لیکن اتحاد کے باوجود کراچی کو کچھ نہیں ملا جبکہ ہم نے بھی بار بار پیپلز پارٹی کے ساتھ دیا مگر کچھ بھی نہیں ہوا۔
امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بالائی سندھ میں پوری قیادت ہماری نوجوان نسل ہے، اس دنیا کی تاریخ میں حق اور باطل کا معرکہ پہلا نہیں ہے، حق پر ڈٹ جانے والے ہی فتح یاب ہوتے ہیں۔
سراج الحق نےکہا کہ غزہ اور فلسطین پونے دو ارب مسلمان کے لئے امتحان ہے، کامیاب وہ ہے جسے اللہ راضی ہو، اللہ نے ہمیں اسلامی تحریک سے نوازا ہے اور ہم جنت کے خاطر اس تحریک میں شامل ہوئے ہیں ، ہم مسجد اقصیٰ کی حفاظت اور فلسطینیوں کے حق کے لیے لڑے گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تمام اتحاد عوام کے خلاف اتحاد ہیں، جماعت اسلامی نے ایک انقلابی منشور پیش کیا ہے، جماعت اسلامی عوامی منشور کے مطابق سندھ میں الیکشن لڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ ہمارا منشور، طالب علموں، مظلوم ، غریب اور محنت کشوں کا منشور ہے جس کے مطابق ہم الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار ہونا ہوگا۔



















