اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے شہباز شریف اور مریم نواز کو کراچی سے الیکشن لڑنے کی دعوت دے دی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی تاہم دونوں جماعتوں میں قربت بڑھنے لگی ہے۔
ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا تھا کہ جن حلقوں سے شہباز شریف اور مریم نواز لڑیں گے وہاں ایم کیو ایم امیدوار کھڑے نہیں کرے گی، ایم کیو ایم ان حلقوں میں ن لیگ کے ساتھ مل کر انتخابی مہم چلائے گی۔
اجلاس میں احسن اقبال نے جواب دیا کہ آپ کی تجاویز قائد ن لیگ اور پارٹی صدر کے سامنے رکھیں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں راستہ روکنے کے لیے جی ڈی اے اور جے یو آئی ف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ فائنل کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سندھ کی دیگر چھوٹی جماعتوں کو بھی ہمنوا بنایا جائے گا، مرکز میں حکومت کی صورت میں ن لیگ ایم کیو ایم کو ان کی نشستوں کے مطابق حصہ دے گی۔
گزشتہ روز مصطفیٰ کمال نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر اجلاس میں بریفنگ دی اور اس دوران کراچی اور حیدر آباد کے حلقوں اور مسائل کا تذکرہ بھی کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں جائیں گے اور نظام سے متعلق آگاہی دیں گے، سب کو بتائیں گے کہ یہ 25 کروڑ عوام کی دستاویز ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ ہمارا ذاتی نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا ہے۔
دوسری جانب ن لیگی رہنماؤں نے ایم کیو ایم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آپ نے اچھا مسودہ تیار کیا ہے، قابل عمل تجاویز ہیں۔



















