وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے اہم فیصلوں کے باعث صوبے میں اسموگ کی صورتحال میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا جس میں اسموگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ماہرین ماحولیات اور صحت نے اسموگ میں کمی اور اسموگ کے مضر اثرات سے صوبے کو بچانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تعلیمی ادارے کل بروز ہفتہ بند رہیں گے، مارکیٹیں بازار اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، ریسٹورنٹس اور دیگر بزنس ہاؤسز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، دسمبر سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی، سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن جاری ہے، ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، اسموگ میں کمی کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھا رہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔
صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، بلال افضل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔



















