Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ دو طرفہ تعلقات  کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے شاہی قلعہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نےکہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ دو طرفہ تعلقات  کو بہت اہمیت دیتا ہے۔پاکستان سیاسی، اقتصادی،  موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت اور کثیرالجہتی فورم میں نیدرلینڈز کے تعاون  کو سراہتا ہے۔

محمد بلیغ الرحمان نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ دیا ہے، پاکستان نے 1953 میں نیدرلینڈز میں سیلاب متاثرین کی میں مدد کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ سیلاب سمیت قدرتی آفات میں نیدرلینڈز کی امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 گورنر پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیدرلینڈز یورپین یونین میں پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی  ایکسپورٹ کی مارکیٹ ہے، نیدرلینڈز پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے پہلے 10 ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 60 سے زائد ڈچ کمپنیاں کام کر رہی ہیں، نیدرلینڈز کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، واٹر منیجمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔

محمد بلیغ الرحمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے، ڈچ سرمایہ کار سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل میں سرمایہ کاروں کو دی گئی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلیم, واٹر منیجمنٹ،  زراعت، ڈیری، سیاحت کے شعبوں میں اشتراک کا خواہاں ہے، نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانی  ڈچ نالج اکانومی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

تقریب میں پاکستان میں تعینات نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی ورائز, نیدرلینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامد، سابق وفاقی وزیر خورشید قصوری، طاہر خلیل سندھو، سابق گورنر شاہد حامد اور دیگر معزز مہمان  موجود تھے۔

متعلقہ خبریں