نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی میں 28ویں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ۔28)کے موقع پر نیدرلینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں سربراہان نے اس سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد اور دی ہیگ میں منعقد ہونے والی تقریبات کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کی رفتار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈچ کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جبکہ وزیر اعظم نے کوپ ۔28 کے حوالے سے بھی بہتر نتائج کی امید کا اظہار کیا۔
انوار الحق نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہئے۔
وزیراعظم انوار الحق نے کہا کہ کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار ہے۔
ملاقات میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیدرلینڈز کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔



















