وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں COP-28 کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس سے وزیر صحت ندیم جان کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر صحت نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں ڈاکٹر ندیم جان نے پاکستان میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام ہو رہا ہے، پاکستان پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنارہا ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بچوں تک ویکسین کی سو فی صد رسائی کو یقینی بنانے بھر پور اقدامات جاری ہیں، پولیو کے خاتمے کے بعد پولیو ورکرز کی خدمات کو دوسرے پروگراموں میں استعمال کی جائیں گی۔
وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ مادر اینڈ چائلڈ ہیلتھ نیوٹریشن اور فیملی پلاننگ میں ورکرز کی خدمات لینے کیلیے جامع منصوبہ بنایا ہے۔
ملاقات میں بل گیٹس نے وزیر صحت کے اس جامع منصوبے کی تعریف کی جبکہ ڈاکٹر ندیم جان نے پولیو کے خاتمے کیلئے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کرادار کو بھی سراہا۔



















